احساس کفالت پروگرام شفاف ہے، کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا: وزیراعظم عمران خان

Ehsas Kifalat program is transparent, no one can raise a finger: PM Imran Khan
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غریب عوام کی فلاح وبہبود کیلئے حکومت کی جانب سے شروع کیا گیا احساس پروگرام انتہائی شفاف ہے، کوئی اس پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ کوئی نہیں کہہ سکتا کہ اس میں رقم کی تقسیم غیر منصفانہ طور پر کی گئی

کلر سیداں میں احساس کفالت پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام میں فنڈز کی تقسیم منصفانہ کی ہے۔ غیر مستحق تیس ہزار افراد کو سکیم سے نکالا جا چکا ہے۔ پوری کوشش ہے، رقم مستحق افراد کو دی جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کا فرض ہوتا ہے کمزور طبقے کی مدد کرے۔ سندھ میں ہماری حکومت نہیں لیکن اس کے باوجود ہم نے میرٹ پر کام کیا۔ سندھ میں آبادی کے لحاظ سے زیادہ پیسہ دیا گیا۔ مستحقین کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم پر بھی کام شروع ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی نہیں کہہ سکتا کہ ہم نے احساس پروگرام میں رقم کی تقسیم غیر منصفانہ کی۔ آج ہمارا دوسرا فیز شروع ہو رہا ہے، 70 لاکھ خاندانوں میں رقم بانٹنا شروع کر رہے ہیں۔

اس سے قبل تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت رقم کی ادائیگیوں کے دوسرے مرحلے کا آج آغاز ہو رہا ہے۔ حقداروں کے تعین کیلئے سروے کیا جا رہا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر مستحق افراد کو ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کیا جائے گا۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ کوشش ہے کہ پروگرام میں کوئی سیاسی عنصر شامل نہ ہو۔ 2 لاکھ 80 ہزار خاندانوں کو آج شام ایس ایم ایس موصول ہوگا جو کل پیسے وصول کر سکیں گے، اسی طرح کل 2 لاکھ خاندنوں کو بھی ایس ایم ایس موصول ہوگا، جون تک 70 لاکھ خاندان احساس کفالت پروگرام سے مستفید ہوں گے۔