اسرائیل میں انوکھی چوری، طبی ٹیسٹ کیلئے تمام افراد کو ہسپتال بھیج کر گھر کا صفایا

Weird news, Israel, Crime, news
کیپشن: فائل فوٹو

تل ابیب: اسرائیل میں ایک انوکھا چوری کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک چور نے ڈاکٹر بن کر سارے اہلخانہ کو طبی ٹیسٹ کیلئے ہسپتال بھیجا اور ان کے گھر کا صفایا کرکے رفوچکر ہو گیا۔

یہ واقعہ اسرائیل کے ایک دور افتادہ شہر میں پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے چوری کیلئے بہت انوکھا طریقہ اپنایا لیکن قانون کی گرفت سے نہ بچ سکا، اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چر اسرائیل کا مقامی شہری ہے جس کی عمر لگ بھگ 36 سال ہے۔

ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے چوری کی روداد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ڈاکٹر بن کر ایک گھر میں فون کیا اور انھیں کہا کہ آپ کے اہلخانہ کا عالمی وبا میں مبتلا ایک مریض سے رابطہ ہوا تھا، اس لئے محکمہ صحت کی جانب سے آپ لوگوں کو تاکید کی جاتی ہے کہ فوری طور پر اپنا ٹیسٹ کروائیں تاکہ اس وبا کو علاقے میں پھیلنے سے روکا جا سکے۔

ملزم کی فون کال سے تمام افراد ڈر گئے اور اپنا ٹیسٹ کروانے ہسپتال پہنچ گئے۔ چور جو کہ اسی موقع کی تلاش میں تھا، اس نے گھر میں نقب لگائی اور کرنسی، زیورات اور دیگر قیمتی اشیا لے کر رفوچکر ہو گیا۔