اسلام آباد: معاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ بلین ٹری منصوبے پر سیاست کرنے والوں کو منصوبے میں کامیابی کے ثبوت دینے کو تیار ہوں۔ 2023ء تک 3 ارب درخت لگانے کا ٹارگٹ پورا کرلیں گے۔
ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ حکومت نے جنگلات کے کٹاؤ کو روکا ہے۔ ملک میں جنگلات کے کٹاؤ میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔ 2012ء کے مقابلے میں آج جنگلات کا کٹاؤ بہت کم ہو چکا ہے۔ 2012ء میں 12 ہزار ایکڑ جنگلات کی کٹائی ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا باعث بننے والوں میں بھارت، امریکا اور چین سرفہرست ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے۔ جتنے زیادہ درخت لگیں گے، اتنے ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ درختوں کی سب سے زیادہ کٹائی سندھ اور پنجاب میں ہو رہی ہے۔ 2018ء میں جنگلات کی 8 ہزار ایکڑ کٹائی ہوئی۔ انہوں نے کہا پاکستان واحد ملک ہے جہاں مینگروز بڑھ رہے ہیں۔ 2023ء تک 3 ارب درخت لگانے کا ٹارگٹ پورا کر لیں گے۔