اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں ترک صدر کا دورہ اہم سنگ میل ہوگا،کوشش ہے دو طرفہ خصوصاًمعاشی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے ۔
میڈیارپورٹس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ترک صدر کے دورہ پاکستان سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،اجلاس میں وفاقی وزیر حماداظہر،مشیر خزانہ،مشیرتجارت اور متعلقہ وزارتوں کے افسران شریک ہوئے،اجلاس میں ترک صدر کے دورے کے دوران دو طرفہ تعلقات و تعاون کو فروغ دینے پرتبادلہ خیال ہوا۔
وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے برادارانہ تعلقات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں ، دونوں ممالک مشکل کی ہر گھڑی میں شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں،وزیراعظم نے کہا کہ ترکی کامسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت لائق تحسین ہے،کوشش ہے دو طرفہ خصوصاًمعاشی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے ،وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں ترک صدر کا دورہ اہم سنگ میل ہوگا۔
وزیراعظم نے وفاقی وزیرحماداظہرکو معاہدوں پر پیش رفت کو یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپ دی،وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پیش رفت کا جائزہ لینے کےلئے ہر ماہ اجلاس منعقد کیا جائے۔