راولپنڈی:پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 44رنز سے شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی ٹیم چوتھے روز کھانے کے وقفے سے پہلے 168رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کا بنگلہ دیش کے خلاف ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار۔نسیم شاہ کو ہیٹرک کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیشی اپنی پہلی اننگز میں 233 رنز بناکر آؤٹ ہوئی جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 445 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئی اور یوں گرین شرٹس کو پہلی اننگز میں 212 رنز کی برتری حاصل ہوئی جس کے جواب میں مہمان ٹیم صرف 168 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز بنگلہ دیش نے 6 وکٹ کے نقصان پر 126 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو شاہین شاہ آفریدی نے آغاز میں ہی بنگلہ دیشی کپتان مومن الحق کو پویلین واپس بھیج دیا وہ 41 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد روبیل حسین محمد عباس کا شکار بنے اور باقی دو وکٹیں یاسر شاہ کے حصے میں آئیں۔
دوسری اننگز میں قومی ٹیم کی جانب سے بابراعظم 143، شان مسعود 100، حارث سہیل 75 اور اسد شفیق 65 رنز بناکر ٹاپ اسکورر ہے جب کہ بنگلا دیش کی جانب سے روبیل حسین اور ابوجائید نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
راولپنڈی ٹیسٹ کا تیسرا روز پاکستان کے لیے یادگار رہا جس میں نسیم شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین بولر کا اعزاز اپنے نام کیا۔ خیال رہے قومی ٹیم کے ایک اور نوجوان بولر محمد حسنین پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین بولر کا اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں۔