آئی ایم ایف سے مسئلہ ڈیل سے متعلق شرائط کا ہے، فوادچودھری

01:17 PM, 10 Feb, 2019

اسلام آباد:فواد چودھری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے مسئلہ دیل کا نہیں ڈیل سے متعلق شرائط طے کرنے کا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضے کے حصول سے متعلق ایسی شفاف ڈیل چاہتے ہیں جو قلیل مدت میں پاکستان کے لیے مددگار ہو اور ہمارے طویل المدتی معاشی مقاصد پر اثرانداز نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی متفقہ بیل آوٹ پیکیج کا خواہاں ہے ایسی شرائط نہیں چاہتے جن سے پاکستان کے شرح نمو کو نقصان پہنچے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم دبئی میں منعقد سالانہ عالمی اجلاس 'ورلڈ گورنمنٹ سمٹ' کے بعد آئی ایم ایف سربراہ سے ملاقات کریں گے جس سے ان کے موقف سمجھنے کا موقع ملے گا اور ہمیں بھی اپنا موقف پیش کرنے کا موقع ملے گا۔


خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان آج سالانہ عالمی اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے دبئی روانہ ہوں گے جہاں وہ متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقات بھی کریں گے۔ ورلڈ گورنمنٹ سمٹ اجلاس میں وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر اطلاعات فواد چودھری بھی شریک ہوں گے۔

وزیر اعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق عمران خان شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پر ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں شرکت کریں گے اور اجلاس سے خطاب کے دوران مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنے وژن پر روشنی ڈالیں گے۔

مزیدخبریں