ریاض: ایک طرف تو پاکستان میں بسنت منانے پر حکومت کی جانب سے پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ دوسری جانب سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے بسنت میلہ منایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے بسنت میلے کے انعقاد کی اجازت کے بعد وہاں موجود پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بسنت منائی اور صحرائے عرب کے آسمان کو رنگ برنگی پتنگوں سے بھر دیا جب کہ بو کاٹا کے نعرے بھی لگائے گئے۔
بسنت میلہ میں سینکڑوں کی تعداد میں پتنگ بازی کے شوقین افراد کے علاوہ سعودی شہریوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔بسنت میلے میں شریک لوگوں کو کہنا تھا کہ وہ سعودی حکومت کے مشکور ہیں جنہوں نے بسنت کے تہوار کو منانے کی اجازت دی۔
حکومت پنجاب نے 12 سال بعد بسنت منانے کا فیصلہ کیا تھا، حکومت کے فیصلے کے تحت فروری کے دوسرے ہفتے میں بسنت فیسٹول منایا جانا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں بسنت کے دوران گلے میں ڈور پھرنے سے کئی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔