کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایم کیوایم اور پی ایس پی کو ایک ہوجانے کا مشورہ دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کر ڈالا ۔
سینیٹ انتخابات میں پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد کراچی میں صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر رہنما پیپلزپارٹی سعید غنی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی سند ھ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایم کیوایم ایک رہے۔ انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں چاہتے ایم کیو ایم کی اندرونی لڑائی بڑھے۔
اس موقع پر پیپلزپارٹی کراچی کے صدر سینیٹر سعید غنی کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم میں لڑائی ان کی اپنی نااہلی اور ناکامی ہے، آنے والے دنوں میں ایم کیوایم کے مزید ٹکرے ہوں گے، ایم کیوایم میں کچھ لوگ دہشت گردی اور کچھ سیاست کرنا چاہتے ہیں۔سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے سیاسی لوگ اگر پیپلزپارٹی میں آنا چاہتے ہیں تو انہیں ویلکم کہیں گے لیکن عسکری ونگ سے تعلق رکھنے والوں کے لیے پیپلزپارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ صوبائی الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد پیپلزپارٹی کے جنرل کیٹیگری کے 10امیدواروں کے کاغذات درست قرار دے کر منظور کرلیے جن میں رضا ربانی، مولا بخش چانڈیو، مصطفیٰ کھوکھر، سید محمد علی شاہ جاموٹ، قاسم سومرو، ایاز مہر، امام الدین شوقین، مرتضیٰ وہاب، دوست علی جیسر اور جاوید نایاب لغاری شامل ہیں۔