گوگل ٹرانسلیٹر کی وجہ سے آپ کو شرمندگی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے

گوگل ٹرانسلیٹر کی وجہ سے آپ کو شرمندگی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے


سیول:گوگل ٹرانسلیٹر سے کیے گئے ترجمے پر بھروسہ کیا جائے تو کئی مرتبہ شرمندگی کا سامنا بھی کرنا پڑ جاتا ہے۔ جنوبی کوریا میں سرمائی اولمپک مقابلوں میں شریک ناروے کی ٹیم کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔غلطی سے زیادہ انڈے خریدنے کا یہ واقعہ گذشتہ ہفتے پیش آیا تھا


تفصیلات کے مطابق عالمی میڈیا نے یہ خبر دی ہے کہ کھلاڑیوں کو کچھ اضافی پروٹین فراہم کرنے کے لیے اولمپک ٹیم نے سوچا کہ انہیں ناشتے میں زیادہ انڈے کھانے چاہییں۔ اسی خواہش کے تحت ٹیم کی انتظامیہ نے پندرہ سو انڈے آرڈر کیے۔ لیکن آرڈر مقامی زبان میں کرنا تھا اور انہیں کورین زبان نہیں آتی تھی۔ اسی لیے انہوں نے گوگل ٹرانسلیٹر کی مدد سے ترجمہ کر کے آرڈر دے دیا۔لیکن ناروے ٹیم کے شیف اس وقت حیران رہ گئے جب ان کے پاس کئی ہزاروں انڈے پہنچا دیے گئے۔


سرمائی اولمپک میں شریک ناروے کی ٹیم در اصل پندرہ سو انڈے خریدنا چاہتی تھی لیکن غلط ترجمے کے باعث انہوں نے پندرہ ہزار انڈے آرڈر کر دیے تھے۔نارویجیئن ٹیم کے شیف ٹورے اویربو کا کہنا تھا، ایسا غلط ترجمے کے باعث پیدا ہونے والی غلط فہمی کا نتیجہ ہے، ہم نے پندرہ سو انڈے خریدنے تھے لیکن ایک اضافی صفر کے باعث ہم نے پندرہ ہزار انڈے خرید لیے۔