خیبرپختونخوا، فاٹا، بالائی پنجاب میں اتوار اور پیر کو بارش کی پیشگوئی

11:24 AM, 10 Feb, 2018

لاہور: محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی سرد، خشک اور جزوی ابرآلود رہے گا  تاہم مالاکنڈ، بنوں، کوئٹہ، ژوب ڈویژن اور فاٹا میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

موسم کا حال بتانے والوں نے نوید سنائی ہے کہ اتوار اور پیر کو خیبر پختونخواہ، فاٹا، بالائی پنجاب کے علاقوں راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

اس دوران کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے جبکہ مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر، گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں برفباری متوقع ہے۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی قلات اور کالام میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی چھ ڈگری سینٹی رہا۔ سکردو، استور منفی 05، گلگت منفی 04، دیر، پاراچنار، بگروٹ، راولاکوٹ، کوئٹہ منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں