واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2016 کے انتخابات کے دوران روسی مداخلت کی تحقیقات سے متعلق ڈیموکریٹ ارکان کا تیار کردہ میمو پبلک کرنے سے روک دیا۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ میمو میں حساس اور خفیہ مواد شامل ہے اور اسے پبلک نہ کرنے کے فیصلے کے حوالے سے ایوان نمائندگان کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر 2016 کے امریکی صدارتی انتخابات کی مہم کے حوالے سے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں کہ انہیں مبینہ طور پر روس کی حمایت حاصل تھی جس کا مقصد یہ تھا کہ ری پبلکن امیدوار ٹرمپ کی حریف ڈیموکریٹ امیدوار ہلیری کلنٹن کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جائے تاہم ان الزامات کی روس اور امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے تردید کر دی گئی تھی۔
حال ہی میں امریکی ایوانِ نمائندگان کی انٹیلی جنس کمیٹی نے ری پبلکن ارکان کی تیار کردہ دستاویزات کی تردید کی تھی جس میں فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) اور محکمہ انصاف پر الزام لگایا گیا تھا کہ ان اداروں نے 2016 کے انتخابات میں روس کے حوالے سے تحقیقات میں صدر ٹرمپ کے خلاف متعصبانہ رویہ اختیار کیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں