ممبئی:بالی وڈ کی معروف اداکارہ ریکھا نے حال ہی میں نیٹ فلکس کے پروگرام "دی گریٹ انڈین کپل شو" میں شرکت کی، جہاں انہوں نے محبت اور خود سے محبت کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس دوران، کپل شرما نے محبت کے حوالے سے شاعروں کے مختلف نظریات پر سوال اٹھایا، جس پر ریکھا نے اپنی منفرد رائے دی۔
اداکارہ نے ہنستے ہوئے کہا، "اگر آپ صحیح شخص سے محبت کر رہے ہیں، تو ایک بار محبت کرنا کافی ہے، کتنی بار اور کتنے لوگوں سے محبت کریں گے؟" ان کے اس جواب پر شو میں موجود ناظرین نے دل کھول کر تالیاں بجائیں اور ان کی بات پر محظوظ ہوئے۔
ریکھا نے مزید کہا کہ محبت صرف دوسروں تک محدود نہیں، بلکہ سب سے ضروری ہے کہ ہم خود سے محبت کریں۔ "میں ہر چیز سے محبت کرتی ہوں، اپنے کام، دوستوں، قدرت، اور دنیا سے، لیکن سب سے زیادہ میں خود سے محبت کرتی ہوں کیونکہ یہ ضروری ہے"، ریکھا نے اپنی بات جاری رکھی۔
یاد رہے کہ ریکھا کا امیتابھ بچن کے ساتھ طویل عرصے تک ایک خاص تعلق رہا ہے، تاہم امیتابھ بچن نے جیا بچن سے شادی کر لی، جس کے بعد ریکھا کی محبت کی کہانی ادھوری رہ گئی، لیکن ان کی محبت کبھی کم نہیں ہوئی۔