اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے مزید 8 آئی پی پیز (انڈپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز) کے ٹیرف ریویو کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں جے ڈی ڈبلیو، چنیوٹ پاور، حمزہ شوگر اور الموعیز پاور پلانٹ کے ساتھ ٹیرف کے از سر نو جائزے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ انڈسٹری، تھل انڈسٹریز اور چنار انرجی کے ساتھ بھی ٹیرف کے جائزے کی منظوری دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، وفاقی کابینہ نے آئی پی پیز کے لیے تشکیل کردہ خصوصی ٹاسک فورس کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیرف ریویو کا فیصلہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سے خزانے کو 200 ارب روپے کی بچت ہو گی۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ اس سے قبل 5 آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی منسوخی کی منظوری بھی دے چکی ہے، جو توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی جانب اہم قدم ہے۔