اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکہ کی قائمقام سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور تعاون بڑھانے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران امریکا کی سفیر نے اسلام آباد میں حالیہ دہشت گردی میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر اظہار تعزیت کیا، اور اس ضمن میں پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں جانب اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ امریکہ ایف آئی اے کو ایف بی آئی کی طرز پر جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس بات کا خیرمقدم کیا کہ ایف آئی اے کو جدید بنانے میں امریکا کی حمایت اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل فرانزک ایجنسی کو جدید تقاضوں کے مطابق فعال کرنے میں بھی امریکا کا تعاون ضروری ہے۔
پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے اور ہنگامی حالات میں سول آرمڈ فورسز کو جدید آلات فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے واضح کیا کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو اسلام آباد میں رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور قانونی دستاویزات رکھنے والے غیر ملکیوں کو بھی نکالنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
امریکی قائمقام سفیر نے اس موقع پر پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر قانون نافذ کرنے والے اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے حوالے سے اقدامات پر بات کی۔ نیٹلی بیکر نے وفاقی وزیر کو پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔