چودھری مونس الہٰی کو دہرے قتل کے مقدمے میں اشتہاری قرار دے دیا گیا

چودھری مونس الہٰی کو دہرے قتل کے مقدمے میں اشتہاری قرار دے دیا گیا

گجرات:پاکستان  تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الہٰی کو گجرات کی عدالت نے دہرے قتل کے مقدمے میں اشتہاری قرار دے دیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج میاں جاوید اکرم نے چودھری مونس الہٰی کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ سنایا، جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی مزید تیز کی جائے گی۔

چودھری مونس الہٰی اور دیگر ملزمان پر 28 جون 2023 کو چکریاں کے رہائشی یاسر اور محمد یوسف کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کا الزام عائد ہے۔ پولیس کے مطابق، اسی کیس میں ایک اور ملزم محمد اختر دوران ٹرائل جیل میں وفات پا چکا تھا۔ چودھری مونس الہٰی کو ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا تھا، جس میں انہیں دفعہ 109 کے تحت ایماء مشورہ کا ملزم قرار دیا گیا۔

مقدمہ 29 جون 2023 کو تھانہ منگووال میں درج کیا گیا تھا، اور اس میں چودھری مونس الہٰی کو اشتہاری قرار دینے کا فیصلہ 19 صفحات پر مشتمل تھا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ چودھری مونس الہٰی نے اس مقدمے کے دوران عدالت کے سامنے پیش ہونے کی کوشش نہیں کی، جس کے نتیجے میں انہیں اشتہاری قرار دیا گیا۔

مصنف کے بارے میں