بانی پی ٹی آ ئی کی 9 مئی کی جوڈیشل تحقیقات کی درخواست سماعت کیلئے منظور

01:08 PM, 10 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے 9 مئی کو پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کی بانی پی ٹی آئی  عمران خان کی درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور عمران خان کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ درخواست عوامی اہمیت کی نہیں ہے اور اس پر اعتراضات ہیں۔ تاہم، عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرنے کی ہدایت کی۔ عمران خان کے وکیل حامد خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ سال گزر چکا ہے، اب تک 9 مئی کے واقعات کی حقیقت سامنے نہیں آ سکی۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کے بعد سیکڑوں مقدمات درج کیے گئے اور ایک سیاسی جماعت کو دیوار سے لگا دیا گیا۔

اس پر جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا کہ "آپ نے ہائیکورٹ سے رجوع کیوں نہیں کیا؟" حامد خان نے جواب دیا کہ یہ پورے ملک کا معاملہ ہے، اسی لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ عدالت نے اس موقع پر کہا کہ ابھی صرف رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کیے جا رہے ہیں، اور مقدمہ دوبارہ سماعت کے لیے مقرر ہونے پر آپ کو عدالت کو اپنے دلائل سے قائل کرنا ہو گا۔

جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیے کہ اگر جوڈیشل کمیشن بنایا بھی گیا، تو اس کا مقصد صرف ذمہ داری کا تعین کرنا ہوگا، تاہم اس رپورٹ کا فوجداری مقدمات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ بعد ازاں، سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں