مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کی تقدیر بدلنے جارہی ہے، عظمیٰ بخاری

12:53 PM, 10 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز پنجاب کی تقدیر بدلنے جا رہی ہیں اور ان کی قیادت میں صوبہ ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے دورہ چین کے دوران تاریخی معاہدے کئے ہیں، جن میں کینسر کے جدید ترین علاج اور زراعت کے شعبے میں جدت لانے کے منصوبے شامل ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کی تقدیر بدل رہی ہے اور اللہ کی مدد سے یہ صوبہ ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین احتجاج، جلسے اور دھرنوں کی سیاست سے باہر نہیں نکل پا رہے، اور ایک صوبے میں جہاں 11 سال سے حکومت کی جا رہی ہے، وہاں اب بھی "مولا جٹ کی سیریل" چل رہی ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے یہ بھی کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک چلانے والوں کو ماضی میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب جب ملک ترقی کی راہ پر چل رہا ہے، مخالفین کسی نہ کسی فتنے کے ذریعے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اب کسی فتنہ کا متحمل نہیں ہو سکتا اور قوم کی مدد سے ہر فتنے کو کچل دیا جائے گا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو لوگ انقلاب لانے کی بات کرتے تھے، وہ اب آپس میں اختلافات کا شکار ہو چکے ہیں، اور "نند بھاوج کی لڑائی" نے ان کے پانچ گروپ بنا دیے ہیں۔

مزیدخبریں