لاہور : لاہور اور ملک کے دیگر حصوں میں ٹھنڈی ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی توقع ہے۔
موسم کے ماہرین کے مطابق اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور بالائی پنجاب کے میدانی علاقوں میں کہر پڑنے کا امکان ہے، جب کہ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں بعض مقامات پر ہلکی دھند بھی چھا سکتی ہے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے، جبکہ کوئٹہ اور قلات میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں شدید سرد موسم برقرار رہے گا، اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ادھر کراچی میں بھی صبح سویرے اور رات کے اوقات میں موسم خنک ہو گیا ہے۔ شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرارت 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور اگلے چوبیس گھنٹوں میں کراچی میں دن میں موسم خشک اور رات میں خنک رہنے کی توقع ہے۔