سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کا 53 واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے

سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کا 53 واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے

لاہور : پاکستانی قوم آج سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کا 53 واں یوم شہادت بڑے عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہی ہے۔ سوار محمد حسین 18 جون 1949 کو پنجاب کے علاقے گوجر خان کے قریب ڈھوک پیر بخش میں پیدا ہوئے تھے اور 10 دسمبر 1971ء کو دشمن کے خلاف بے مثال بہادری دکھاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ان کی عمر اس وقت صرف 22 سال اور 6 ماہ تھی۔

اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور مسلح افواج نے سوار محمد حسین شہید کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سوار محمد حسین نے 1971ء کی جنگ کے دوران ظفروال شکر گڑھ سیکٹر میں دشمن کے 16 ٹینک تباہ کر کے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پوری قوم اپنے دفاع وطن کے لئے جانیں قربان کرنے والے ان بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ اس کے علاوہ، صدر  آصف  زرداری اور وزیراعظم نے بھی سوار محمد حسین شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ سوار محمد حسین شہید نے اپنی جان وطن عزیز پر نچھاور کر دی اور بہادری کی لازوال مثال قائم کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سوار محمد حسین شہید نے 1971 کی جنگ میں بے مثال بہادری اور جرأت کا مظاہرہ کیا، اور دشمن کے 16 ٹینک تباہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سوار محمد حسین شہید کا عزم اور وفاء آئندہ نسلوں کے لئے ایک قابل تقلید مثال ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے اور پاکستان کی بقاء کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والے عظیم شہداء کی قربانیوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

مصنف کے بارے میں