اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شام میں موجود پاکستانیوں کے انخلا کے لیے لبنان سے مدد طلب کر لی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں لبنانی وزیراعظم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور درخواست کی کہ لبنان پاکستانی شہریوں کے شام سے انخلا کے لیے ویزے جاری کرے۔
شام میں اس وقت تقریباً 600 پاکستانی موجود ہیں، جبکہ وہاں کے تمام ایئرپورٹس بند ہونے کی وجہ سے ان کا انخلا ممکن نہیں ہو پا رہا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کا شام سے انخلا لبنان کے ذریعے ہی ممکن ہے، اور اس کے لیے لبنان کا تعاون ضروری ہے۔
لبنانی وزیراعظم نے اس درخواست پر مثبت ردعمل ظاہر کیا اور یقین دہانی کرائی کہ شام سے پاکستانیوں کے انخلا کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چاہے 600 پاکستانی ہوں یا ان کی تعداد زیادہ ہو، لبنان تمام پاکستانیوں کو ویزے فراہم کرے گا تاکہ ان کا انخلا یقینی بنایا جا سکے۔