بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں، اسرائیل غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کررہا ہے، نگراں وزیراعظم

11:26 AM, 10 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ  بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں کشمیر میں اور اسرائیل غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے۔

انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی حقوق کی تشویشناک صورتحال سب کے سامنے ہے، فلسطین میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں افراد شہید ہوچکے ہیں۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا ہے کہ غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم باعثِ تشویش ہیں، عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کے لیے فوری کوششیں کرے۔

انوار الحق کاکڑ نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں کے حقوق کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔5 اگست2019ء کے غیر قانونی بھارتی اقدام کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلی ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان انسانی حقوق کے عالمی منشور کی حمایت اور پاسداری جاری رکھے گا، پاکستان بلا تفریق مذہب، رنگ و نسل اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کوشاں رہےگا۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاکستان نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔

واضح رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری سے اب تک 17 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں لاپتہ افراد کیلئے بھی یہی گمان کیا جا رہا ہے کہ وہ ملبے تلے دب کر شہید ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں