راولپنڈی:وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرکے نشان حیدر پانے والے شیر دل ہیرو کا 52واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے سوار محمد حسین شہید نشان حیدر کے 52 ویں یوم شہادت کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 1971ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران ظفر وال شکر گڑھ سیکٹر پر سوار محمد حسین شہید نے بلا خوف و خطر اور بے مثال جرات کے ساتھ دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ظفروال کے محاذ پر سوار محمد حسین شہید نے تن تنہا 16 بھارتی ٹینکوں کو تباہ بھی کیا، بِلا شبہ سوار محمد حسین شہید کا یوم شہادت افواج پاکستان کی مادر وطن کیلئے دی جانے والی قربانیوں کا مظہر ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان کے یہ درخشندہ ستارے جنہوں نے ملک کی آبرو کیلئے اپنی جان نچھاور کی بِلاشبہ عزت و تکریم کے مستحق ہیں، پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔