اسلام آباد : مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی حکومتیں چھوڑ کر رسک لے رہی ہے ۔ یہ ہمارے لیے ون ون سچویشن ہے۔انہوں نے پنجاب میں ضمنی الیکشن کی شفافیت پر بھی سوال اٹھادیا اور مونس الٰہی کے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متعلق بیان کے بعد ہمیں شک ہوتا ہے کہ پنجاب کی بیس نشستوں پر جو ضمنی انتخاب ہوا وہ شفاف نہیں تھا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان اسمبلیاں تحلیل کریں ہمارے پاس اس سے اچھا موقع نہیں ہے ۔ حکومتوں کی تحلیل کے بعد عمران خان کے پاس بیساکھیاں نہیں رہیں گی ۔ دونوں صوبوں میں نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن صاف و شفاف انتخابات کروادیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اب پہلے والے حالات نہیں الیکشن میں جانا ہمارے لیے سودمند ہوگا۔ پنجاب میں جن بیس نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوا وہ ن لیگ کی نشستیں نہیں تھیں ۔ یہ پی ٹی آئی کی نشستیں تھیں جہاں وہ اپنی پانچ نشستیں کھوبیٹھی ۔ ضمنی انتخابات میں جن یونین کونسلوں میں پی ٹی آئی کے دفاتر نہیں تھے وہاں بھی وہ جیت گئے جس پر ہمیں اچنبھا ہوا تھا۔
ایاز صادق نے کہا کہ ن لیگ کی انتخابی مہم نواز شریف لیڈ کریں گے مریم نواز بھی ساتھ ہوں گی، الیکشن میں پی ٹی آئی کیلئے ایسی راہ ہموار نہیں ہوگی جیسی 2018ء میں تھی۔