لہسن اور دالوں سمیت 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ

08:40 PM, 10 Dec, 2021

اسلام آباد: دودھ، پیاز، لہسن اور دالوں سمیت 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی مجموعی شرح 18.58 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جس کے معنی یہ ہوئے کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی 18 فیصد سے نیچے نہیں آسکی ہے۔

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دال مسور کی قیمت میں 6 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے جب کہ دال ماش کی قیمت 7 روپے فی کلو بڑھ گئی ہے۔

اعداد و شمار کے تحت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران دال مونگ کی قیمت 3 روپے فی کلو بڑھی ہے جب کہ پیاز، لہسن اور کھلے دودھ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

 وفاقی ادارہ شماریات کی جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے تحت ٹماٹر کی قیمت میں 13 روپے فی کلو کمی آئی ہے جب کہ زندہ مرغی کی قیمت بھی 25 روپے فی کلو کم ہوئی ہے

ہفتہ وار رپورٹ کے تحت ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 71 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 5 روپے کی کمی دیکھی گئی ہے۔

جائزہ رپورٹ کے مطابق انڈوں کی قیمت میں 26 پیسے فی درجن اور آلو کی قیمت میں 4 روپے 48 پیسے فی کلو کی کمی ریکارڈ ہوئی ہے۔

مزیدخبریں