اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 5 سالہ آٹو پالیسی 2021.26 ء اور ایس ایم ای پالیسی 2021.25ء کی منظوری موخرکردی جبکہ وی وی آئی پی ایئر کرافٹ کیلئے 33 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹس کی منظوری دیدی گئی۔
نیو نیوز کے مطابق وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں چھ نکاتی ایجنڈا پر غورو خوض کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق پانچ سالہ آٹو پالیسی 2021.26 ء کی منظوری اور ایس ایم ای پالیسی 2021.25ء کی منظوری موخرکردی گئی ۔
اجلاس میں وی وی آئی پی ایئر کرافٹ کیلئے 33 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹس کی منظوری دیدی گئی ۔ پاکستان رینجرز (پنجاب) کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کیلئے سپیئر پارٹس کی خریداری کیلئے 84 ملین روپے کی ضمنی گرانٹس کی سمری اورمیسرز یونائٹیڈ انرجی پاکستان فیلڈ سے کمرشل گیس ایلوکیشن کی منظوری دیدی گئی ۔
اجلاس میں زیرو ریٹڈ صنعتی صارفین اور سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے رعایتی ٹیرف کے میکانزم پر مزید مشاورت کی ہدایت کردی گئی ۔