ممبئی : کورونا وائرس کا نیا ویرئینٹ بھارت میں پنجے گاڑنے لگا ۔ اومی کرون سے متاثر افراد کی تعداد 25 ہوگئی ۔ بھارتی وزارت صحت نے اہم اجلاس طلب کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے شدید متاثرین ممالک میں شمار بھارت میں اومی کرون کے مریض بڑھتے جارہے ہیں ۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاست گجرات میں مزید دو افراد میں کورونا وائرس کے نئے ویرئینٹ اومی کرون کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد بھارت میں کورونا وائرس کے نئے ویرئینٹ اومی کرون سے متاثرین کی تعداد 25 تک جاپہنچی ہے ۔
اومی کرون وائرس کا شکار دونوں بھارتی شہری 4 دسمبر کو جنوبی افریقہ سے واپس آئے تھے ان کے ٹیسٹ کرنے کے بعد ان میں اومی کرون کی تصدیق ہوگئی ہے ۔ دونوں متاثرین کو قرنطینہ میں رکھ دیا گیا ہے اور مزید ٹیسٹ کئے جارہے ہیں ۔
دوسری طرف بھارتی وزارت صحت نے کورونا وائرس کے اس نئے اور خطرناک ویرئینٹ سے بچاؤ کے لئے حکمت عملی طے کرنے کے لئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزارت صحت کی طرف سے اس نئے ویرئینٹ کو بڑا چیلنج قرار دیا گیا ہے کیونکہ ابھی بھارت میں کورونا وائرس کے منفی اثرات ختم نہیں ہوئے تھے کہ اومی کرون کی تصدیق ہونا شرو ع ہوگئی ہے ۔