کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان اور لیگ سپنر شاداب خان نے کہا ہے کہ کپتان بابر اعظم کے رویئے کی وجہ سے ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل آیا ہے اور کھلاڑی اس کیلئے جان دینے کو بھی تیار ہیں کیونکہ لیڈر اگر آپ کی بھرپور حمایت کرے تو آپ جان بھی دیدیتے ہیں۔
شاداب خان نے کہا کہ بابراعظم نے اپنے فیصلوں سے خود کو اچھا لیڈر ثابت کیا ہے جبکہ وہ اچھے اور برے وقت میں سب کو سپورٹ کرتے ہیں، ان کے اسی روئیے کے باعث ٹیم متحد ہوئی اور ہر کھلاڑی بہتر سے بہتر کارکردگی دکھانے اور ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کرتا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر ہونے والے میتھیو ہیڈن اور باؤلنگ کنسلٹنٹ مقرر ہونے والے ویرنون فلینڈر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ٹیم کو بہت فائدہ ہوا تھا، میتھیو ہیڈن کرکٹ کی دنیا میں ایک بڑا نام ہے جنہوں نے بہت کم وقت میں ٹیم کو مضبوط بنانے کی کوشش کی۔
شاداب خان نے مزید کہا کہ اگرچہ ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے ہار گئے مگر اس ٹورنامنٹ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، اسی ٹورنامنٹ میں ٹیم متحد ہوئی اور یہی وجہ ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ناصرف ٹی 20 سیریز کلین سویپ کی بلکہ ٹیسٹ سیریز میں بھی وائٹ واش کیا۔
ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل بابراعظم کے روئیے کی وجہ سے آیا: شاداب خان
12:48 PM, 10 Dec, 2021