اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کراچی پہنچ گئے،فواد چوہدری بھی ہمراہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں جہاں وہ آج گرین لائن بس منصوبے کا افتتاح کریں گے، وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری بھی ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان سے گورنر ہاؤس میں تاجر برادری، پارٹی رہنما بھی ملاقات کریں گے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر اسد عمر نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'انتظار ختم ہوا، آج وزیراعظم گرین لائن کا افتتاح کریں گے، شہر کے ٹرانسفارمیشن پلان میں شامل 5 منصوبے مکمل ہو گئے ، دیگر پر زبردست کام جاری ہے جو وعدہ کیا تھا اس کی تکمیل کر رہے ہیں'
https://twitter.com/Asad_Umar/status/1469190612083789825?s=20
خیال رہے کہ کراچی میں سرجانی ٹاؤن سے نمائش چورنگی تک گرین لائن بس پراجیکٹ کیلئے بنائے گئے تقریباً تمام اسٹیشنز تیار ہوچکے ہیں، ابتدائی دنوں میں گرین لائن بس سرجانی ٹاؤن سے نمائش چورنگی تک چلائی جائے گی، جس کا کرایہ 15 روپے سے 55 روپے تک ہوگا، جبکہ پورے دن کیلئے 100 روپے کا کارڈ بھی حاصل کیا جا سکے گا۔، سرجانی ٹاؤن سے نمائش چورنگی تک کے سفر کے دوران 22 اسٹیشنز آئیں گے جن پر بس رکے گی، اے سی کی سہولت کے ساتھ جدید بسوں میں موبائل چارجنگ کی سہولت بھی مسافروں کیلئے دی گئی ہے۔