بیجنگ: امریکا، آسٹریلیا اور برطانیہ کی جانب سے بیجنگ سرمائی اولمپکس کے بائیکاٹ کیے جانے پر چین کا ردِعمل سامنے آ گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے دی گارڈیئن کے مطابق چینی حکومت نے تینوں ممالک کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس فیصلے کی قیمت چکانی ہو گی۔
بیجنگ اولمپکس کے بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ سب سے پہلے امریکا کی جانب سے سامنے آیا تھا۔ امریکا نے اپنے فیصلہ کی وجہ چین حکومت کا ایغور مسلم کمیونٹی کے ساتھ برا سلوک روا رکھے جانے کو بتایا تھا۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وینگ وینبن نے کہا کہ برطانیہ، امریکا اور آسٹریلیا اولمپکس پلیٹ فارم کو سیاسی کھیل کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔ انہیں اس غلطی کی قیمت چکانی پڑے گی۔
دوسری جانب فرانسیسی ایجوکیشن اور اسپورٹس منسٹر جین مائیکل بلینکر نے کہا کہ اس معاملے میں فرانس امریکا اور باقی ممالک کے نقشِ قدم پر نہیں چلے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں کھیل اور سیاست کے میدان میں فرق کو ملحوظ رکھنا چاہیے اور اس معاملے میں کافی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔