اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہر شہری کے انسانی حقوق کی حفاظت کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ پیپلز پارٹی اپنے قیام کے پہلے دن سے پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے سرگرمِ عمل ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوںنے کہا کہ ہر شہری کے انسانی حقوق کی حفاظت کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے قیام کے پہلے دن سے پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے سرگرمِ عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شہری کا برابری کی بنیاد پر احترام اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے ہماری جدوجہد جاری ہے۔ یہ جدوجہد شہادتوں، قید و بند، تشدد اور الزام تراشیوں کا سامنا کرنے کے باوجود جاری ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اقوام کو ان کے انسانی حقوق کے ریکارڈ کی بنیاد پر پرکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی و خوشحالی فطری طور پر بلا تفریق ہر شہری شہری کے انسانی حقوق کی پاسداری سے منسلک ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک پرامن و ترقی پسند معاشرے کے لئے آزادی اظہار، مذہب اور عقیدے، خواتین اور بچوں کے حقوق اور کمزور طبقات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری یہ یقینی بنائے کہ بھارت کشمیر میں اپنے مظالم کا خاتمہ کرے اور حقِ خودارادیت کا احترام کرے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی انسانی حقوق کی مشعل راہ کی حیثیت سے کسی بھی صورت میں انسانی حقوق کے تحفظ پر مصلحت کا شکار نہیں ہوگی۔