سابق صدر مملکت ممنون حسین کی جاتی امرا میں مریم نواز سے ملاقات

03:51 PM, 10 Dec, 2020

لاہور : سابق صدر مملکت سید ممنون حسین کی جاتی امرا میں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات، ملاقات میں رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثنا اللہ اور مصدق ملک بھی موجود تھے۔

واضح رہے کہ سابق صدر ممنون حسین مدت صدارت ختم ہونے کے بعد موجودہ صورتحال میں پہلی بار جاتی امرا آئے ہیں۔

ادھر ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز جاتی امرا سے ریلی کی قیادت کے لیے روانہ ہو گئیں ہیں، روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے پہلے بھی ملک کی خدمت کی تھی اور آئندہ بھی کرے گی۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں مسلم لیگ نون کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں ہے، عدالت درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کرے، درخواست میں مسلم لیگ نون کے رہنما اور کارکنوں کی گرفتاری کو چیلنج کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ جسٹس چودھری مشتاق احمد نے رفاقت ڈوگر کی درخواست پر سماعت کی، لاہور ہائیکورٹ کے روبرو ہوم سیکرٹری اور آئی جی پولیس پنجاب کی جانب سے رپورٹ جمع کرادی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ کسی بھی شخص کو نہ غیر قانونی گرفتار کیا اور نہ ہراساں کیا، جس شخص کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج ہو کارروائی کرتے ہیں۔

درخواست گزار رفاقت ڈوگر نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے 13 دسمبر کو روکنے کیلئے مقدمے قائم کیے جا رہے ہیں، مقدمات کا مقصد مسلم لیگ نون کو سیاسی بنیادوں پر انتقامی کارروائی کرنا ہے۔

واضح رہے کہ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر سماعت کل تک ملتوی کر دی ہے۔

مزیدخبریں