لاہور: ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت سے پی ڈی ایم کے جلسے نہیں رک رہے، عمران خان کا مقابلہ ہم سے نہیں، ڈی جے بٹ سے شروع ہو چکا ہے۔
مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت کیخلاف عوام کا ردعمل ہے۔ 13 دسمبر سے قبل ہی حکومت نے ڈی جے بٹ اور کرسیاں لگانے والوں سے مقابلہ شروع کر دیا ہے۔ خوف میں مبتلا حکومت نے اپنی اوقات دکھا دی ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا احتجاج کریں، کنٹینر اور کرسیاں دوں گا۔
لیگی ترجمان نے کہا کہ منہ پر ہاتھ پھیرنے اور دھمکیاں دینے سے جلسہ نہیں روکا جا سکتا۔ چودھری باقر کی گرفتاری کی مذمت کرتی ہوں، انھیں فوری رہا کیا جائے۔
انہوں نے حکومت کو تنبہ کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال خراب ہوئی تو ذمہ دار پنجاب حکومت اور عمران خان ہوں گے۔ ہچکولے کھاتی، خوفزدہ حکومت گھر جا چکی ہے۔ لاہور میں مریم نواز کی ریلی دیکھ کر حکومت کے اوسان خطا ہو چکے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت نے آٹا، چینی، بجلی اور ادویات مہنگی کردیں، معیشت کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ عمران خان یاد رکھیں، عوام کے ردعمل کو کسی طور روکا نہیں جا سکتا۔ کرائے کے ترجمان بھاگنے والے ہیں۔ ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت ریلی نکالنے پر لیگی کارکنوں اور رہنماؤں کو گرفتار کر رہی ہے۔ گرفتاری کی دھمکیوں کے باوجود پہلے بھی جلسے نہیں رکے اور اب بھی نہیں رکے گا۔ حکومت جتنے مرضی کارکنوں کو گرفتار کر لے، جلسہ ہر صورت ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ استعفوں سے پہلے گھر جانے والے ہیں۔ حکومت نفسیاتی طور پر یہ جنگ ہار چکی ہے۔