اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملکی سیاسی حالات جیسے بھی ہوں اس کا اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو فائدہ نہیں ہوگا۔ 13 دسمبر کو کوئی قیامت آنے والی نہیں ہے۔ عمران خان مینار پاکستان سے اوپر گیا تھا، یہ لوگ نیچے آئیں گے۔
شیخ رشید کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے دعوت دی ہے، اسمبلی میں آئیں اور ڈائیلاگ کریں۔ کوئی بھی سیاستدان مذاکرات کے دروازے بند نہیں کرتا۔ اگر اپوزیشن عمران خان سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتی تو بتائیں کس سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں؟ جن سے آپ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں وہ نواز شریف کے بیانیے کے مخالف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا نظریاتی اتحاد نہیں ہے، ان کا نظریہ ہے عمران خان نہ ہو۔ مارچ میں سینیٹ کے الیکشن کے بعد عمران خان اور مضبوط ہو جائے گا۔
مسلم لیگی رہنماؤں پر مقدمات بارے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ کے کیسز انتہائی سنجیدہ ہیں۔ ان لوگوں کو جیلوں میں اراکین اسمبلی ہونے کی وجہ سے سہولتیں مل رہی ہیں۔ یہ لوگ اراکین اسمبلی نہ رہے تو جیلوں میں سی کلاس ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں 13 دسمبر کے بعد عمران خان کیلئے خوشخبری دیکھ رہا ہوں۔ ن لیگ سے اب ایک بڑا گروپ بنے گا جبکہ وزیراعظم کیلئے مولانا فضل الرحمان کا قرعہ کبھی نہیں نکلے گا۔ یہ لوگ آسمان کو ہاتھ لگائیں یا زمین کو ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ بالاخر لوگوں نے ان سیاست سے تنگ آ جانا ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ غلطی ہو گئی نواز شریف ہاتھ سے نکل گیا، سب کو گولی دے گیا۔ دوسری جانب آصف زرداری چھٹا بحری بیٹرہ ہیں وہ حالات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش میں ہیں۔ مجھے امید ہے کہ یہ لوگ استعفوں کی طرف نہیں جائیں گے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ میں حکومت چھوڑ دوں گا لیکن کرپٹ لوگوں سے ہاتھ نہیں ملاؤں گا