لاہور: لاہور کی مقامی عدالت نے سیاسی جلسوں میں ساؤنڈ سسٹم فراہم کرنے والے مشہور ڈی جے بٹ کو ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔
عدالت نے 50 ہزار کے مچلکوں کے عوض ڈی جے بٹ کی رہائی کا حکم دیا۔ ضمانت پر رہائی پانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں آج بھی عمران خان کا ٹائیگر ہوں۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ خبروں اور سوشل میڈیا پر جو اسلحہ دکھایا جا رہا ہے، وہ ناجائز نہیں بلکہ لائسنس یافتہ ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ماڈل ٹاؤن پولیس نے ڈی جے بٹ کو ان کے آفس سے گرفتار کر لیا تھا۔ ان پر عالمی وبا کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
ڈی جے بٹ کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوٸے آنکھیں بھر آٸیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مزدوری کرنے دیں، ہمارا کیا قصور ہے۔ مجھ سے ایسا سلوک ہو رہا ہے جیسے دہشتگردوں سے ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر سپیکر نہیں چلوانے تو حکومت قبضے میں لے لے۔ میرے بچے فیس کا اور مالک جاٸیداد کرایہ کا پوچھیں تو کیا کہوں؟
ڈی جے بٹ کا کہنا تھا کہ اگر 13 دسمبر کے جلسے کے لیے اچھی آفر آٸی تو جاؤں گا، میں مزدور آدمی ہوں، میرا سیاست سے کچھ لینا دینا نہیں ہے۔