لاہور: عالمی وبا کے پاکستان پر وار جاری ہیں۔ عوام کی بے احتیاطی نے اس مرض کو ملک بھر میں پھیلا دیا ہے۔ حالیہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 56 نئی اموات اور 3138 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ اموات کے بعد پاکستان میں عالمی وبا سے مرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 603 ہو چکی ہے۔ اس وقت ملک بھر میں 4 لاکھ 29 ہزار 280 کنفرم جبکہ 46 ہزار 376 ایکٹو کیس ہیں۔
صوبہ پنجاب اور سندھ کے شہری اس مرض سے سب سے زیادہ متاثر ہیں جہاں آئے روز مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ صوبہ پنجاب کی بات کی جائے تو یہاں اب تک 3 ہزار 265 مریض اس وبا میں مبتلا ہو کر موت کی وادی میں جا چکے ہیں جبکہ سندھ میں مرنے والوں کی تعداد 3 ہزار 99 ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق صوبہ پنجاب میں 125250، سندھ میں 189687، خیبر پختونخوا میں 50762، اسلام آباد میں 33695، گلگت بلتستان میں 4765، بلوچستان میں 17604 اور آزاد جموں وکشمیر میں 7517 کنفرم کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ آزاد کشمیر میں 1422، بلوچستان میں 523، گلگت بلتستان میں 156، اسلام آباد میں 6344، خیبر پختونخوا میں 4690، پنجاب میں 10145 اور سندھ میں 23096 ایکٹو کیسز موجود ہیں۔
اموات کے لحاظ سے ملک کے دیگر علاقوں کی بات کی جائے تو خیبر پختونخوا میں 1439، اسلام آباد میں 348، گلگت بلتسان میں 98، بلوچستان میں 171 اور آزاد کشمیر میں مرنے والوں کی تعداد 183 تک جا پہنچی ہے۔
این سی او سی کی جانب سے روزانہ عالمی وبا کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد کیا جاتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں وبا کے کیسز میں روز بروز اضافہ الارمنگ ہے۔ عوام نے جس طرح وبا کی پہلی لہر کو شکست دی، وہ اب بھی ایس او پیز پر عمل کرکے اس کیخلاف کامیاب ہو سکتے ہیں۔