نئی دہلی: اس منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو رہی ہے۔ یہ مسلمان کسان تحریک میں شریک سکھوں کا ساتھ دینے میدان میں اترے ہیں اور انھیں دن رات کھانا پکا کر ان میں بانٹ رہے ہیں۔ مسلمان جب بھی سڑک پر نماز ادا کرتے ہیں تو، سکھ ان کی حفاظت پر مامور ہو جاتے ہیں۔
خیال رہے کہ مودی سرکار کی جانب سے نافذ نئے زرعی کالے قانون کیخلاف بھارت بھر کے سکھ سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور گزشتہ کئی روز سے دارالحکومت نئی دہلی کے قریب دھرنا دیئے بیٹھے ہیں۔ ان کا عزم ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے وہ یہاں سے نہیں جائیں گے۔
اس احتجاج میں بھارت بھر کی اپوزیشن جماعتیں، سول سوسائٹی کے ارکان، طلبہ، وکلا اور اساتذہ سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے جڑے افراد ان کا ساتھ دیتے نظر آ رہے ہیں۔
اس اہم موقع پر مسلمان بھی کسی سے پیچھے نہیں ہیں بلکہ انہوں نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے سکھ بھائیوں کیساتھ ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
گزشتہ کئی دنوں سے جاری اس احتجاج میں مسلمانوں کی جانب سے دن رات کا کھانا پکا کر اپنے سکھ بھائیوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سکھ بھی ان کی حفاظت کا بھرپور خیال رکھ رہے ہیں تاکہ انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے انھیں کسی قسم کا خطرہ درپیش نہ ہو۔
چند روز سے سکھوں اور مسلمانوں کے بھائی چارے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈٰیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں۔ ان میں سے ہی ایک ویڈیو کو سب سے زیادہ پسند کیا جا رہا ہے جس میں مسلمان سڑک پر نماز پڑھتے نظر آ رہے ہیں، اس موقع پر چاروں جانب سے انھیں سکھ نوجوانوں نے گھیرا ہوا ہے تاکہ انھیں پولیس اور انتہا پسند ہندوؤں کے خطرے سے بچایا جا سکے۔