عالمی وبا میں مبتلا انڈین دلہن کی قرنطینہ سینٹر میں شادی

08:32 AM, 10 Dec, 2020

جے پور: یہ انوکھی شادی بھارتی ریاست راجھستان کے شہر جے پور میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں دولہا اور دلہن کے صرف چند قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔ جوڑے نے اس موقع پر طبی لباس پہنچا ہوا تھا۔

انڈین میڈیا کے مطابق دھوم دھام سے شادی کی تقریب جاری تھی لیکن رخصتی سے چند گھنٹے قبل ہی دلہن کا عالمی وبا کا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ دونوں خاندان اس صورتحال سے پریشان ہو گئے لیکن بزرگوں نے فیصلہ کیا کہ شادی کی تقریب ملتوی نہیں کی جائے گی۔

حکام کو پتا چلا تو انہوں نے فوری طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے دلہن کو قرنطینہ سینٹر میں منتقل کیا۔ تاہم دونوں خاندانوں کی مجبوری کو سمجھتے ہوئے شادی کی تقریب منانے کی اجازت دیدی لیکن شرط یہ رکھی گئی کہ اس کیلئے ایس او پیز پر عمل لازم ہے۔

دلہن عروسی جوڑا اور دولہا نے شیروانی پہننے کی بجائے عالمی وبا سے حفاظت کا لباس پہنا۔ اس موقع پر شادی کی رسم ادا کرنے والے پنڈت کو بھی یہی لباس پہنایا گیا تھا۔ دولہا دلہن نے اسی طرح ساتوں پھیرے لئے اور پھولوں کے ہار پہنچائے۔ اس انوکھی شادی کی ویڈیو اور تصاویر جب سوشل میڈیا پر شیئر ہوئیں تو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئیں۔

طبی حکام نے دلہن کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دونوں خاندانوں کے دیگر افراد کے ٹیسٹ لئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک اور فرد کے عالمی وبا میں مبتلا ہونے کے بعد اسے بھی قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت عالمی وبا نے پورے بھارت کو اپنی گرفت میں جکڑا ہوا ہے۔ بھارت کی کوئی ایسی ریاست نہیں جہاں وبائی صورتحال خراب نہ ہو۔ وہاں ہر روز اموات اور مریضوں کی تعداد میں بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ طبی ماہرین اس کی وجہ مودی سرکار کی ناقص پالیسیوں کو قرار دے رہے ہیں۔

مزیدخبریں