لاہور: چودھری شجاعت حسین نے وفاقی حکومت سے سابق صدر آصف علی زرداری کو تمام قانونی سہولتیں دینے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ، حکومتی اتحادی مسلم لیگ (ق) کے صدرچودھری شجاعت حسین سے مسلم لیگ سندھ کے صدر محمد طارق حسن نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں پارٹی اور ملکی امور پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری سندھ کے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے صدر رہ چکے ہیں۔ ان کی صحت کے مسئلے کو صوبائیت کا رنگ نہ دیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت آصف زرداری کو سابق صدرِ پاکستان کی تمام سہولیات قانون کے مطابق فراہم کرے تا کہ صوبائیت کا معاملہ زیادہ رنگ نہ پکڑ سکے۔
چوہدری شجاعت حسین نے آصف علی زرداری کے سندھ میں ٹرائل کے پیپلز پارٹی کے مطالبے کی بھی حمایت کی اور کہا کہ سندھ میں ان پر جو مقدمات ہیں، ان کا پنجاب میں ٹرائل کرنے سے صوبائیت کی بات کرنے والے عناصر کو بات کرنے کا موقع ملتا ہے۔