ممبئی : بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شاہد کپور نے اپنے متعلق کینسر کی خبر کو جعلی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ شاہد کپور نے جعلی خبر پر قہقہے لگاتے ہوئے اسے مسترد کیا۔
بھارتی میڈیا پر گزشتہ دنوں ایک خبر سامنے آئی تھی کہ شاہد کپور کو معدے کا کینسر لاحق ہو گیا ہے جس کے بعد یہ خبر بغیر تصدیق کے جنگل کے آگ کی طرح پھیل گئی۔ لیکن اب اداکار اور ان کے خاندان کی جانب سے خبر کی ترید سامنے آگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں شاہد کپور کے خاندان کے ایک فرد نے بتایا”لوگ کچھ بھی کیسے لکھ سکتے ہیں آخر خبر کا ذریعہ کیا ہے؟ کیا اس طرح کی افواہیں پھیلانے کو کس طرح جائز قرار دیا جاسکتا ہے؟
شاہد کپور کی منیجر نے بھی اس خبر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شاہد کپور اس افواہ کے پھیلنے پر حیران ہوگئے اور خوب قہقہے بھی لگائے۔مینجر نے بتایا کہ شاہد کپور اس وقت بھارتی فلم ”کبیر سنگھ “کی شوٹنگ میں مصروف ہیںجو کہ 2017 کی تیلگو ہٹ فلم کا ہندی ریمیک ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال بالی ووڈ کے کئی ستارے کینسر جیسے مرض میں مبتلا ہوئے ہیں ، ان میں اداکار عرفان خان ،سونالی باندرے اور رشی کپور سر فہرست ہیں۔ ان اداکاروں کا علاج تاحال جاری ہے۔