لاہور: پاکستان کے مایہ ناز لیگ سپنر اور کوچ مشتاق احمد نے کہا ہے کہ ایک دفعہ عرفان پٹھان اور شاہد آفریدی میں لڑائی ہوئی تو جنید جمشید نے آفریدی کو ڈانٹا اور صلح کرنے کا کہا، وہ ہمیں متحرک کرنے اور حوصلہ دینے گراؤنڈز میں آجاتے تھے اور ہمیں کہتے تھے کہ دین کے راستے پر چلتے ہوئے گھبرانا نہیں ہے۔
نیو ٹی وی کے پروگرام ” لائیو ود نصراللہ ملک “ میں گفتگو کرتے مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ جنید جمشید میرے لیے دین کی طرف آنے کیلئے ایک تحریک تھے ، وہ ہمیں متحرک کرنے اور حوصلہ دینے گراؤنڈز میں آجاتے تھے اور ہمیں کہتے تھے کہ اللہ کے دین کے راستے پر چلتے ہوئے گھبرانا نہیں ہے، ان کا اخلاق اتنا اچھا تھا کہ جب بھی مجھے ملتے تھے تو لگتا تھا کہ یہ میرا سب سے بہترین دوست ہے۔
انہوں نے ایک کرکٹ میچ کا واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ کراچی میں پاکستان اور انڈیا کا ٹیسٹ میچ ہورہا تھا جس میں شاہد آفریدی اور عرفان پٹھان کی لڑائی ہوگئی ۔ جنید جمشید کو پتا لگ گیا تو فوری طور پر ہوٹل آگئے ۔ میں نے زندگی میں پہلی اور آخری دفعہ انہیں غصے میں دیکھا ۔