حلب آپریشن آخری مراحل میں داخل، ہزاروں افراد کی نقل مکانی

حلب آپریشن آخری مراحل میں داخل، ہزاروں افراد کی نقل مکانی

دمشق:  حکومتی افواج کا حلب پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے لیے آپریشن آخری مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جبکہ حلب سے نکلنے والے افراد کی کے لیے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں مذاکرات جاری ہیں۔

شام میں حکومتی افواج کی اتحادی روس کی وزارتِ دفاع کے مطابق ہفتے کو بارہ سو باغیوں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ روس کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ مشرقی حلب سے 20 ہزار شہریوں کا انخلا ممکن ہوا جبکہ دو دن میں مجموعی طور پر 50 ہزار افراد شہر سے محفوظ مقامات پر منتقل ہوئے ہیں۔

آزاد ذرائع سے اتنی بڑی تعداد میں شہریوں کے انخلا کی تصدیق کرنا ناممکن ہے لیکن جنگ میں شدت آنے کے بعد وہاں سے ہزاروں لوگ پناہ کی تلاش میں سرکاری علاقوں کی طرف نکل آئے۔یاد رہے کہ شامی فوج نے حالیہ ہفتوں میں باغیوں کے زیرِ قبضہ حلب شہر کے 85 فیصد حصے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

ادھر امریکی اور روسی حکام  جنیوا میں حلب کی صورتِحال پر بات چیت کر رہے ہیں۔ پیرس میں شام کی صورتحال پر ہونے والی ایک الگ کانفرنس میں شریک امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے شام اور اتحادی ملک روس پر زور دیا ہے کہ جیسے جیسے شامی افواج حلب میں پیش قدمی کر رہی ہیں وہ اعلی ظرف کا مظاہرہ کریں۔