راولپنڈی: پاکستان بحریہ کے نئے جنگی جہاز پی این ایس حنین رومانیہ کی بندرگاہ کانسٹنٹا (Constanta) سے پاکستان کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔
رومانیہ بحریہ کے فلیٹ کمانڈر نے پی این ایس حنین کا دورہ کیا اور کمانڈنگ آفیسر سے ملاقات کی اور نیک تمناؤں کے ساتھ الوداع کیا۔پی این ایس حنین کا رومانیہ بحریہ کے جہاز لاسٹنل (Lastunul) کے ساتھ سمندر میں دوطرفہ مشق کا انعقاد کیا تھا۔
پی این ایس حنین دامن شپ یارڈ، رومانیہ میں بننے والے چار آف شور پٹرول ویسلز میں سے تیسرا جہاز ہے، جو کثیرالمقاصد، انتہائی سبک رفتار جنگی بحری جہاز ہے جو ٹرمینل ڈیفنس سسٹم کے ساتھ ساتھ جدید ترین الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ اور اینٹی ایئر وارفیئر کی صلاحیتوں کا بھی حامل ہے۔
پی این ایس حنین ملٹی رول ہیلی کاپٹر کے ساتھ لمبے عرصے تک متعدد آپریشنز سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، جہاز کی شمولیت سے بحر ہند میں علاقائی میری ٹائم سیکورٹی پٹرول میں تعیناتی مزید مستحکم ہو گی۔