توشہ خانہ ریفرنس: بشریٰ بی بی کی گرفتاری کیخلاف درخواست پر اعتراضات دور ، سماعت کیلئے مقرر

03:58 PM, 10 Aug, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ سے بشریٰ بی بی کی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری کیخلاف درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری،چیف جسٹس درخواستوں پر جلد سماعت کیلئے مقرر کرسکتے ہیں۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ڈویژن بنچ کی جانب سے جاری تحریری حکم نامہ میں عدالت کاکہناہے کہ بشریٰ بی بی کی نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتاری کیخلاف درخواست پر سے اعتراضات دور کیے جاتے ہیں.

 حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار وکیل کے مطابق یہ درخواست دیگر دو درخواستوں کے ساتھ لاینحل طور پر منسلک ہے،اسی ریفرنس میں کال اپ نوٹسز کے خلاف دو درخواستیں پہلے سے زیر سماعت ہیں،اس درخواست میں نیب کی جانب سے متواتر گرفتاری کو چیلنج کیا گیا ہے، وکیل کے مطابق اس درخواست اور دیگر دو درخواستوں میں ایک جیسے حقائق و قانونی نکات زیر غور ہیں.

عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت وکیل کی آراء سے متفق ہوتے ہوئے سمجھتی ہے کہ اس درخواست کو بھی دیگر دو درخواستوں کے ساتھ سنا جائے، درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کیلئے رجسٹرار آفس اس درخواست کی فائل چیف جسٹس کو بھجوائے، درخواست گزار وکیل کے مطابق گرفتاری کا معاملہ فوری حل کا متقاضی ہے. چیف جسٹس درخواستوں کو جلد سماعت کیلئے مقرر کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں