لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آٹے کی قیمتوں میں مزید کمی کردی گئی، صوبہ بھر میں آٹے کے 10 اور 20 کلوگرام تھیلوں کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں آٹے کے 20 کلوگرام تھیلے کی قیمت میں مزید 70 روپے کمی کی گئی ہے۔
وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آٹا تھیلوں کی قیمتوں میں مزید کمی کردی گئی ہے، صوبہ بھر میں آٹے کے 10 اور 20 کلوگرام تھیلوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں آٹے کے 20 کلوگرام تھیلے کی قیمت میں مزید 70 روپے کمی کی گئی ہے، آٹے کا 20 کلوگرام تھیلا عام مارکیٹ میں 1800 روپے کی بجائے 1730 میں فروخت کیا جائے گا۔
بلال یاسین کا کہنا تھا کہ شیخوپورہ میں 20 کلوگرام آٹے کا تھیلہ 100 روپے مزید سستا ہو کر 1640 میں ملے گا،جلہم ،چکوال، پاکپتن نارووال 80 جبکہ ملتان، ساہیوال، سرگودھا، اٹک میں 60 روپے مزید کمی کی گئی ہے جبکہ راولپنڈی، حافظ آباد، سیالکوٹ، ننکانہ، اوکاڑہ میں 20 کلوگرام آٹا کی قیمت میں 50 روپے کمی کی ہے۔
ان کا مزید بتانا تھا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ جھنگ، چنیوٹ ،خوشاب،بھکر، لودھراں، راجن پور، مظفر گڑھ لیہ، رحیم یار خان میں 40 روپے سستا ملے گا، فیصل آباد،گوجرانوالہ، گجرات، وزیر آباد،منڈی بہاؤالدین میں 30 روپے مزید سستا کیا گیا ہے۔ بہاولپور، بہاولنگر،ڈی جی خان، خانیوال، وہاڑی، میانوالی میں 20 روپے قیمت کم کی گئی ہے۔
وزیر خوارک نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آٹے کی قیمتوں میں کمی پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے گا، محکمہ خوراک کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ضلعی انتظامیہ مل کر قیمتوں کا فوری اطلاق کروائیں گے۔