غزہ: اسرائیلی فوج نےغزہ سٹی میں اسکول پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 100 فلسطینی شہید ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں بے گھر افراد کو فجر کی نماز کے دوران نشانہ بنایا گیا، جس کی وجہ سے شہادتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ اس سے قبل غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے ٹیلی گرام پر ایک پوسٹ میں کہا کہ غزہ شہر کے الصحابہ کے علاقے میں الطبعین اسکول پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 40 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
غزہ میں موجود طبی اداروں نے کہا کہ اسرائیل نے وسطی غزہ کے البریج کیمپ میں گھروں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا جس میں 15 لوگ شہید ہوئے اور النصیرت کیمپ کے قریب کیے گئے حملے میں 4 افراد شہید ہوئے۔ اسرائیلی طیارے نے غزہ شہر کے قلب میں شمالی علاقے میں بھی ایک گھر پر بم برسائے جس میں 5 فلسطینی زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ ایک اور جنوبی شہر خان یونس میں کیے گئے فضائی حملے میں ایک شخص شہید اور دیگر زخمی ہوگئے۔