اسلام آباد: سابق رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کے مبینہ اغواء کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ شہریار آفریدی نے بھی ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
پی ٹی آءی رہنما شاندانہ گلزار کی والدہ صباحت گلزار خان نے پولیس کے ہاتھوں اپنی بیٹی کے مبینہ اغوا کے خلاف درخواست دائر کروائی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پولیس کی وردی میں ملبوس افراد نے گھر میں گھس کر بندوق کی نوک پر میری بیٹی کو اغوا کیا۔ واقعے کے بارے میں ایس ایچ او بنی گالہ کو شکایت درج کرائی لیکن تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
درخواست میں آئی جی اسلام آباد، ڈی ایس پی بنی گالہ اور ایس ایچ او بنی گالہ کو فریق بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب شہریار آفریدی نے ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ تھری ایم پی او کی گرفتاری کو کالعدم قرار دے کر رہائی کا حکم دیا جائے۔