پی ٹی آئی کی رہنما شاندانہ گلزار گرفتار

11:07 AM, 10 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے وکیل شیر افضل خان مروت نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی سابق ایم این اے شاندانہ گلزار کو اسلام آباد پولیس نے گن پوائنٹ پر اغوا کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے خاتون رہنما ‏شاندانہ گلزار کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابق ایم این اے شاندانہ گلزار کو بدھ کی شام پانچ بجے اسلام آباد پولیس نے گن پوائنٹ پر اغوا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اور سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے شاندانہ کو اغوا کیا۔ ان  کی والدہ نے مجھے اس بات کی تصدیق کی ہے، جو اس اندوہناک واقعے کی عینی شاہد ہیں۔"


دوسری جانب اسلام آباد پولیس کے ذرائع نے شاندانہ گلزار کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی رہنما کو 16 ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار کو بارہ کہو کی حدود سے گرفتار کیا گیا.

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان نے گلزار کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "پولیس میں دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کی ہمت نہیں ہے کیونکہ وہ معصوم غیر مسلح خواتین پر بندوقیں تاننے میں مصروف ہے"۔

انہوں نے مزید کہا، ’’شرم آنی ہے تم پر، اسلام آباد پولیس۔‘‘

مزیدخبریں