پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لاکھوں افراد کی مدد کر رہے ہیں: اقوام متحدہ 

پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لاکھوں افراد کی مدد کر رہے ہیں: اقوام متحدہ 
سورس: File

نیویارک : اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں لاکھوں افراد کی مدد کے لیے اپنی سرگرمیاں تیز کررہی ہے،ادارے کے ریزیڈنٹ اور ہیومینیٹیرین کوآرڈینیٹر جولین ہارنس ان سرگرمیوں کی نگرانی کررہے ہیں۔یہ بات اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوتریش کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے نیویارک میں معمول کی بریفنگ کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے کے متعلقہ کوآرڈینیٹر نے گزشتہ ہفتے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جس دوران انہوں نے متعلقہ حکام اور متاثرہ افراد سے ملاقاتیں کیں۔ پاکستان کے قومی خبررساں ادارے ’’اے پی پی ‘‘ کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی امدادی سرگرمیوں کے علاوہ، ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) ماں اور بچے کی غذائیت کے منصوبوں کے ساتھ متاثرہ کمیونٹیز کو نقد رقم جبکہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) ادویات، مچھر دانی اور کمبل فراہم کر رہا ہے۔

اقوام متحدہ کی پاپولیشن فنڈ (یو این ایف پی اے) نے 6 ہزارسے زیادہ ڈگنیٹی کٹس اور 500 نوزائیدہ بچوں کی کٹس تقسیم کی ہیں جبکہ اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی (یو این ایچ سی آر) نے 70 متاثرہ پناہ گزینوں کی مدد کے لیے 500 خیمے، ترپال، کمبل اور بالٹیاں فراہم کیں، اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال(یونیسیف) نے بھی زچگی اور نوزائیدہ بچوں کے لیے سامان فراہم کیا ہے۔

مصنف کے بارے میں