سپن بولدک : افغان طالبان نے پاکستانی حکام سے مذاکرات کی کامیابی کے بعد آج سے چمن پر پاک افغان بارڈر باب دوستی کھولنے کا اعلان کردیا ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکام کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد پاک افغان بارڈر باب دوستی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکام کے ساتھ 5 میں سے 3 شرائط پر اتفاق جبکہ 2 کو بعد میں زیربحث لایا جائے گا، باب دوستی پیدل آمدورفت کیلئے روزانہ 8 گھنٹے کھلا رہے گا۔ پیدل آمدورفت شناختی کارڈ کے علاوہ افغان دستاویز اور مہاجرکارڈ پر بھی ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر چمن جمعہ داد کے مطابق اسپین بولدک پرطالبان قبضے کے بعد طالبان شیڈو گورنر کے مطالبات سامنے آئے تھے تاہم مذاکرات کی کامیابی کے بعد آج سے باب دوستی کھول دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان جانے اور آنے والے شہریوں کی مشکلات کے پیش نظر آمدورفت کے اوقات کار بھی بڑھا دیے ہیں اور باب دوستی سے آمدورفت صبح 8 سے شام 4 بجے تک ہوگی۔