اسلام آباد: موٹروے پولیس نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے گیس سلنڈر والی گاڑیوں کے اہم شاہراہوں پر چلنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
موٹروے انتظامیہ نے تمام کمرشل گاڑیوں میں سے گیس سلنڈر ہٹانے کا بھی حکم دیدیا گیا ہے۔ گاڑیوں میں سی این جی کیساتھ ساتھ ایل پی جی سلنڈر پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ گیس سلنڈر نہ اتارنے والے گاڑی مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ آئی جی موٹرویز کا کہنا ہے کہ انسانی زندگیوں کو بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ غیر قانونی اقدامات سے انسانی زندگیوں کو داؤ پر نہیں لگایا جا سکتا۔
دوسری جانب سی این جی ایسوسی ایشن نے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موٹروے پولیس سی این جی کا کاروبار بند نہیں کر سکتی کیونکہ یہ غیر قانونی اقدام ہے۔ غیاث پراچہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سی این جی پوری دنیا میں انتہائی محفوظ فیول ہے اور پچھلے 25 سالوں میں پاکستان میں سی این جی کا ایک بھی سلنڈر نہیں پھٹا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایل پی جی کے گاڑیوں میں استعمال کو روکنے پر ناکامی پر ادارے سی این جی سیکٹر پر ایکشن لیتے ہیں۔ جانوں کے نقصان کو روکنے میں ناکامی پر ادارے غیر ضروری طور پر اربوں روپے کے سی این جی انڈسٹری کی تباہی کے ذمہ دار نہ بنیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں گوجرانوالہ میں مسافر وین کا سلنڈر پھٹنے سے 9 مسافر جھلس کر جاں بحق ہو گئے تھے۔